900 میڈیکل آفیسرز کی بھرتی کیلئے PPSC کو ریکوزیشن ارسال

June 25, 2024

لاہور(جنرل رپورٹر)محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر انتظام ہسپتالوں میں 900 میڈیکل آفیسرز کی بھرتی کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو ریکوزیشن بھیج دی ہے۔صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر اورخواجہ سلمان رفیق کے مطابق ایم اوزکی بھرتی سے ہسپتالوں میں گریڈ 17 کی تمام خالی اسامیاں پر ہو جائیں گی، آفیسرز کو ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں، بنیادی و دیہی مراکز صحت میں تعینات کیا جائےگا، حال ہی میں محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر نے 378 ویمن میڈیکل آفیسرز کی بھرتی کا عمل مکمل کیا ہے، صوبائی وزرا صحت کا کہنا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھی ڈاکٹرز کی خالی اسامیاں پر کرنے کا عمل تیز کردیا گیا ہے، ڈاکٹرز کی اگلے گریڈ میں ترقیوں کیلئے بھی ہدایت کردی گئی ہے، تین سالوں میں صحت کے نظام کو مکمل بدل دیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب نے ہسپتالوں کی ریویمپنگ کے لئے تمام مطلوبہ فنڈز جولائی میں فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے، ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات سے ہسپتالوں کی صورتحال میں واضح بہتری آئیگی۔علاوہ ازیں وزیر صحت سلمان رفیق نے پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں ہیلتھ انشورنس پروگرام ورکنگ گروپ کےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت عوام کی سہولت کی خاطر ہیلتھ انشورنس پیکج کی حد دس لاکھ روپے اور کوریج کا دائرہ کار بڑھا رہی ہے ۔وزیرصحت نےسرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کے حوالے سے بھی اجلاس کی صدارت کی۔