اسلام آباد ( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں 96وارداتوں میں نقدی ،زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ 8 کاریں ،ایک ر کشہ ، 30 موٹر سائیکل اور چار بھیڑیں اڑا لی گئیں ۔ چار موٹر سائیکل اور دو درجن سے زائد موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی ۔ تھانہ ٹیکسلا کے علاقے پوڑ سے سید حسن علی شاہ کے گھر سے ساڑھے نو لاکھ روپے اور 18 لاکھ روپے مالیت کے زیورات ، تھانہ گوجر خان کے علاقے وارڈ نمبر سے طارق محمود کے گھر سے 12 لاکھ روپے مالیت کے سونے کی چار چوڑیاں اور دو کڑے ، تھانہ صدر بیرونی کے علاقے بندہ نگیال میں رب نواز کے گھر کے تالے ٹوٹ گئے اور تین لاکھ روپے مالیت کے زیورات ،ساڑھے سات ہزار روپے اور الیکڑانکس سامان ، تھانہ نصیر آباد کے علاقے سے شوکت محمود کی 5 لاکھ روپے مالیت کی گائے چوری ہو گئی ۔ تھانہ ریس کور س کے علاقے قاسم مارکیٹ میں محمد بلال سے دو موٹر سائیکل سوار پانچ لاکھ روپے چھین کر لے گئے ۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقے کرم آباد میں عاشق حسین کے گھر سے ساڑھے 15 لاکھ روپے ،تھانہ مورگاہ کے علاقے برگر چوک میں محمد اکبر کا ملازم کمرے کا تالہ توڑ کر ایک لاکھ 80ہزار روپے ، تھانہ صدر کینٹ کے علاقے سادات کالونی میں رمیض اعظم کے ایک لاکھ 25 ہزار روپے ،تھانہ کہوٹہ کے علاقے سنگور میں زیب النساءکے گھر سے 70ہزار روپے مالیت کے زیورات چوری کر لئے گئے ۔