لندن (پی اے) بورن متھ میں منظم جرائم کے خلاف مہم کا آغاز کردیا گیا۔ بورن متھ پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف یہ مہم دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں بورن متھ، کرائسٹ چرچ اور پول کونسل سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر سنگین منظم جرائم کا خاتمہ کرنے کیلئے کارروائی کرے گی، اس کی بنیاد Clear Hold Build کی قومی حکمت عملی ہے۔ ڈور سیٹ پولیس اور کرائم کمشنر (CPC) ڈیوڈ سڈوک کا کہنا ہے کہ اس سے اس تفریحی جگہ پر حقیقی تبدیلی آئے گی، یہ پروجیکٹ 3 مرحلوں پر مشتمل ہوگا، جس میں سب سے پہلے علاقے سے سنگین منظم جرائم کے خاتمے پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی جبکہ دیگر مرحلوں کے دوران کرمنلز کو جرائم سے پاک کئے گئے علاقوں میں دوبارہ جانے سے روکا جائے گا جبکہ تیسرے مرحلے کا مقصد جرائم کے اعادے کو روکنے کیلئے جرائم کے اسباب کا خاتمہ کرنا ہے۔ کرائم کمشنر سڈوک کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کو کامیابی کیلئے کمیونٹی کی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں علاقے میں منشیات سے متعلق سرگرمیوں اور سماج دشمن رویئے پر لوگوں کی تشویش سے واقف ہوں اور میں لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم حقیقی معنوں میں تبدیلی لانے کیلئے اپنے شریک اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب کارروائی کا وقت آچکا ہے لیکن ہمیں یہ تبدیلیاں مستقل رکھنے کیلئے عوام کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔ ڈورسیٹ پولیس کا کہنا ہے کہ لوور گارڈنز، ویسٹ کلف اور اولڈ کرائسٹ چرچ روڈ پر گشت بڑھا کر سڑکوں سے جرائم پیشہ گروپوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 49 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور مارچ سے غیرقانونی منشیات، ویپس اور تمباکو سے بنی 200,000پونڈ سے زیادہ مالیت کی اشیاء ضبط کی جاچکی ہیں۔ چیف انسپکٹر ڈارین حارث نے کہا کہ ہم بورن متھ کو ایسا مقام بنانا چاہتے ہیں، جہاں کمیونٹیز خود کو محفوظ تصور کریں، جہاں انھیں جرائم اور سماج دشمن رویئے کے بارے میں کوئی تشویش ہو۔ انھوں نے کہا کہ ہم اور ہمارے پارٹنر منظم جرائم کو مستقل طورپر ختم کر کے ایک پرسکون کمیونٹی بنانا چاہتے ہیں۔