نیویارک (نیوز ڈیسک) دنیا کی آبادی آئندہ چند برس کے دوران 10ارب سے زائد ہونے والی ہے۔ یہ بات یو این ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹس رپورٹ میں بتائی گئی ہے جس کے مطابق دنیا کی اس وقت آبادی 8.2 ارب نفوس پر مشتمل ہے۔اقوامِ متحدہ ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹس رپورٹ کے مطابق یہ آبادی آئندہ چند برس میں 10.8ارب تک پہنچ جائے گی۔ویب سائٹ ورلڈو میٹر کے مطابق رواں برس اب تک دنیا بھر میں7کروڑ 11لاکھ بچے پیدا ہوئے جبکہ 3کروڑ 22 لاکھ افراد انتقال کر گئے۔ورلڈو میٹر کے مطابق اس وقت پاکستان 24کروڑ 53لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ دنیا بھر کے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے۔ویب سائٹ ورلڈو میٹر کے مطابق بھارت کی آبادی ایک ارب 14کروڑ 42لاکھ سے زائدکے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر، چین ایک ارب 14کروڑ 25لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ دوسرے نمبر پر، امریکہ 34کروڑ سے زائد آبادی کے ساتھ تیسرے نمبر پر، انڈونیشیا 27کروڑ آبادی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے،یو این ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا میں لوگوں کی کُل تعداد 2080کی دہائی میں عروج پر ہو گی اور پھرآہستہ آہستہ کم ہونے لگے گی۔آبادی میں اضافے کی شرح یہی رہی تو بائیسویں صدی میں دنیا میں سانس لینے والے انسانوں کی تعداد ممکنہ طور پر گیارہ ارب سے تجاوز کر چکی ہو گی۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں 11 جولائی کو آبادی کا عالمی دن منایا جاتا ہے، یہ رپورٹس اسی دن کے حوالے سے منظرِ عام پر آئی ہیں۔