• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غائب دماغ جو بائیڈن یوکرینی صدر کو پیوٹن کہہ گئے

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکہ کے عمر رسیدہ صدر جو بائیڈن کی غائب دماغی کا ایک اور واقعہ پیش آیا اور وہ یوکرین کے صدر زیلنسکی کو غلطی سے روس کا صدر پیوٹن کہہ بیٹھے۔ ناٹو اجلاس کے بعد اسٹیج پر خطاب میں صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اب میں مائیک یوکرین کے صدر کے حوالے کرتا ہوں جو بہت حوصلہ مند اور پرعزم ہیں، خواتین اور حضرات اب صدر پیوٹن بات کریں گے۔ تاہم بائیڈن نے صدر زیلنسکی کو صدر پیوٹن کہنے کی غلطی کا فوراً ہی احساس کرلیا اور کہا کہ صدر زیلنسکی روسی صدر پیوٹن کو ہرائیں گے۔ اپنی کھسیاہٹ مٹانے کے لیے بائیڈن نے مزید کہا کہ وہ صدر پیوٹن کو ہرانے پر بہت زیادہ توجہ رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ صدارتی انتخابات میں ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلے مباحثے میں بدترین شکست کے سبب جو بائیڈن پر دباؤ ہے کہ وہ الیکشن سے دستبردار ہوجائیں جبکہ ان کی صحت کے حوالے سے بھی خدشات ہیں۔امریکی نیوز چینل سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیموکریٹس کے رہنما سابق صدر اوباما اور پارلیمان کی سابق اسپیکر نینسی پلوسی پارٹی رہنماؤں اور ووٹرز کی جانب سے جوبائیڈن کی صدارتی دوڑ سے دستبرداری کے بڑھتے دباؤ پر مشاورت کررہی ہیں ۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق درجن سے زائد ارکان پارلیمان، رہنماؤں اور کارکنان کی کثیر تعداد جوبائیڈن کو صدارتی الیکشن سے دستبردار کرانے کے حق میں ہے۔ دونوں رہنما حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور منتظر ہیں کہ صدر بائیڈن خود ہی صدارتی الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کردیں۔
یورپ سے سے مزید