آئی ایم ایف کا 45 کروڑ ڈالرز کی دوسری قسط دینے کا اعلان

November 08, 2019

بین الاقوامی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) نے پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سہ ماہی جائزہ مذاکرات ہوئے، جس کے اختتام پر مشن نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی۔

آئی ایم ایف مشن نے 28 اکتوبر سے 8 نومبر تک پاکستان کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان، اُن کی اقتصادی ٹیم اور صوبائی حکومتوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق مشن کے سربراہ نےمشکل حالات میں اہداف پورے کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، آئی ایم ایف پاکستان کی معیشت کا اگلا جائزہ آئندہ برس سے شروع کرے گا۔

عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات میں آئی ایم ایف کے وفد کی قیادت ارنسٹو امریزریگو نے کی، مشیر خزانہ نے مالیاتی ادارے کی تکنیکی، مشاورتی اور مالی مدد کی تعریف کی۔

آئی ایم ایف نے دورے کے اختتام پر اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان نے پروگرام پر بہتر عمل درآمد کیا، اندرونی اور بیرونی خسارے کم ہورہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں، آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایف اے ٹی ایف سفارشات پر عمل درآمد کے لیے مارچ 2020ء تک عمل درآمد کیا جارہا ہے۔