لیبر رکن پارلیمنٹ کو کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانا ہوگا

February 17, 2020

لندن (نیوز ڈیسک) لیبر پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ کو ایک ایسی کانفرنس میں شریک ہونے کی وجہ سے، جس میں ایک ایسا شخص شریک تھا، جس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، اب کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ انڈیپنڈنٹ نے یہ خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ لیڈز نارتھ ویسٹ سے رکن پارلیمنٹ الیکس سوبیل نے بتایا کہ انھیں اس بات کی دوبارہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ انھیں بہت ہی کم خطرہ لاحق ہے۔ انھوں نے کیوای سیکنڈ کانفرنس سینٹر لندن میں یوکے بس سمٹ میں شرکت کی تھی، بعد میں معلوم ہوا ہے کہ اس کانفرنس میں ایک ایسا شخص بھی شریک تھا جس میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی تھی، لیبر پارٹی کے ناٹنگھم سائوتھ کی رکن پارلیمنٹ لیلین گرین ووڈ بھی اس کانفرنس میں شریک تھیں۔ دونوں ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ وہ ٹھیک ٹھاک ہیں لیکن انھوں نے احتیاطی تدابیر کے طورپر 20 فروری تک کیلئے عوامی مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔ رکن پارلیمنٹ سوبیل نے کہا کہ میں نے 6 فروری کو ایک یوکے بس سمٹ میں شرکت کی تھی، جہاں ایک ایسا شخص شریک تھا، جس میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی تھی۔ اگرچہ مجھے بتایا گیا کہ مجھے بہت کم خطرہ ہے لیکن میں نے تشخیص کیلئے 111پر اطلاع دی اور احتیاط کے طورپر ہم نے اگلی جمعرات تک کیلئے عوامی مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔ للین گرین ووڈ نے بھی بتایا کہ وہ بالکل تندرست ہیں لیکن انھوں نے بھی احتیاط کے طور پر عوامی مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔