برطانیہ، مکانات کی قیمتوں میں یارکشائر اور ہمبر میں سب سے تیز رفتار اضافہ

February 20, 2020

لندن (پی اے) مکانات کی قیمتوں میں اضافہ کے لحاظ سے شمال اور جنوب میں تقسیم اس طرح دیکھی جا سکتی ہے کہ سائوتھ ایسٹ انگلینڈ کے مقابلے میں پراپرٹیز کی قیمتیں یارکشائر اور ہمبر میں تین گنا سے زائد بڑھ گئیں۔ دسمبر کے لئے لینڈ رجسٹری کے اعدادوشمار یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ الیکشن کے بعد ان میں اضافہ ہوا۔ لندن میں قیمتیں 1.6 فیصد بڑھ گئیں۔ سال کے اختتام پر اضافہ کا مطلب یہ ہے کہ فروری 2018 کے بعد سے قیمتوں میں مثبت سالانہ اضافہ ہوا ہے۔ برطانیہ میں مکانات کی اوسط قیمتیں دسمبر 2019 تک 2.2 فیصد بڑ ھیں جوکہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 1.7 فیصد زیادہ ہیں۔ یارکشائر اور ہمبر میں گزشتہ سال ان کی قیمتیں 3.9فیصد بڑھیں جبکہ سائوتھ ایسٹ میں صرف 1.2 فیصد اضافہ ہوا۔ قومی شماریاتی دفتر (اواین ایس) کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران برطانیہ بھر میں مکانات کی قیمتیں سست رفتاری سے بڑھی ہیں، جس کی بنیادی وجہ سائوتھ اور ایسٹ انگلینڈ میں مکانات کی قیمتوں میں کمی ہے۔ تاہم جولائی 2019 سے قیمتوں میں سالانہ اضافہ ہوا ہے۔ 2019 میں برطانیہ میں مکانات کی اوسط قیمتیں 235000 پونڈز کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں جبکہ دسمبر 2019 میں اس کی قیمتیں ایک سال قبل کے مقابلے میں 5000 پونڈز زیادہ تھیں۔ ویلز میں دسمبر 2019 میں سال کے اختتام پر مکانات کی قیمتوں میں 2.2 فیصد اضافہ ہوا جو کہ نومبر 2019 میں 5.5 فیصد کم تھیں، ویلز میں مکانات کی اوسط قیمت 166000 پونڈز تھی۔ سکاٹ لینڈ میں دسمبر 2019 کے بعد ایک سال میں مکانات کی اوسط قیمتوں میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا جبکہ نومبر 2019 میں سکاٹ لینڈ میں مکان کی اوسط قیمت 152000 پونڈز تھی۔ انگلینڈ میں مکانات کی اوسط قیمتیں دسمبر 2019 کے بعد ایک سال میں 2.2 فیصد بڑھیں جوکہ نومبر 2019 سے 1.3فیصد زیادہ تھیں۔ انگلینڈ میں مکان کی اوسط قیمت 252000 پونڈز تھی۔