لیورپول کوچز سے تربیت یافتہ کراچی یونائیٹڈ کے کوچز کھلاڑیوں کو ٹریننگ دینگے

February 26, 2020

لیور پول کے شہرت یافتہ عالمی فٹ بال کوچز سے ٹریننگ لینے والے کراچی یونائٹیڈ فٹبال کے 12 کوچز کمیونٹی لیگ میں نوعمر بچوں اور بچیوں کو ٹریننگ دیں گے۔

کمیونٹی فٹ بال کوچز کی مہارتوں میں اضافے کے لیے ایک غیرملکی بینک کی جانب سے کراچی یونائٹیڈ فٹبال کلب (کے یو ایف سی) کے کوچز کے لیے دبئی میں تربیتی پروگرام کا انتظام کیا تھا۔

دبئی میں ہونے والے تین روزہ تربیتی پروگرام میں لیورپول فٹبال اکیڈمی کے فٹبالرز اسٹیون گلیپسی اور پال او برائن نے پاکستانی کوچز کو تربیت دی۔

اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام تھا جس کا مقصد مختلف پس منظر اور کم مراعات یافتہ کمیونیٹیز سے تعلق رکھنے والے کوچز کو تربیت فراہم کرنا تھا۔

تربیت حاصل کرنے والے کوچز کلب کے دیگر کوچز کو تربیت فراہم کریں گے اور کراچی یونائٹیڈ کے کمیونٹی سینٹرز کی جانب سے کھیلنے والے بچوں کے لیے، تربیت کے دوران حاصل کردہ مہارتیں اور ٹیکنکس استعمال کریں گے۔

بینک گزشتہ تین برسوں سے کراچی یونائٹیڈ فٹبال لیگ کو اسپانسر کر رہا ہے۔ اس اسپانسرشپ کا مقصد کراچی یوتھ فٹبال لیگ کو کراچی سے تعلق رکھنے والی نوجوان فٹبال ٹیموں کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا، رکاوٹوں کو دور کرنا اور ان میں مقابلے کا جذبہ اور صلاحیت پیدا کرنا اور ٹیلنٹ کو بنیادی سطح پر سنوارنا ہے۔ 2019ء تک ،اِس لیگ میں تقریباً 1,000 سے زائد بچے شرکت کر چکے ہیں۔

پروگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے لیورپول فٹبال کلب انٹرنیشنل اکیڈمی کے وائس پریذیڈنٹ، ڈین وہائٹ نے کہا:’’ٹرین دی ٹرینر ہم سب کے لیے ایک زبردست موقع ہے کہ ہم دنیا بھر کے نوجوان فٹبالرز پر ایک مثبت تاثر قائم کریں۔ یہ پروجیکٹ کوچز کو متعدد مواقع فراہم کرے گا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بناسکیں کیوں کہ ہم نے انہیں وہی فلسفہ اور ٹیکنکس سکھائی ہیں جو خود ہماری اپنی، لیورپول میں واقع، اکیڈمی میں سکھائی جاتی ہیں۔