جاپان میں شدید بارشیں، سیلاب، 35؍ افراد ہلاک ، متعدد شہری لاپتہ

July 06, 2020

ٹوکیو (عرفان صدیقی) جاپان میںشدید بارشوں اور سیلاب سے 35؍ افراد ہلاک اور متعدد شہری لاپتہ ہوگئے ، بارشوں سے سڑکیں زیر آب آگئیں اور لوگ گھروں میں محصور ہیں ، سیلابی ریلہ عمر رسیدہ افراد کی رہائش گاہ میں بھی داخل ہوگیا ۔ تفصیلا ت کے مطابق جاپان کے صوبے کیوشو اور اس کے نواحی علاقے میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 35؍ افراد ہلاک اور متعدد شہری لاپتہ ہوگئے۔ جاپانی حکام کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز ہونے والی شدید بارشوں اور ان کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلے سے شدید تباہی ہوئی ہے جبکہ عمر رسیدہ افراد کی رہائش گاہ میں پانی داخل ہوجانے کے سبب 14؍ بزرگ شہری جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ سیلاب سے متاثر ہونے والے بعض علاقوں امدادی کارکنوں کو پہنچنے کے لیے بھی شدید مشکلات پیش آرہی ہیں جبکہ بعض شہروں میں پانی جمع ہونے سے سڑٖکوں زیر آب آگئیں اور عمارتوں کے اطراف میں پانی جمع ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں تاہم امدادی ادارے لاپتہ لوگوں کو تلاش کرنے اور محصور لوگوں کو عمارتوں سے نکالنے کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔