کراچی/ڈھرکی/خانپور مہر ( اسٹاف رپورٹر/ نامہ نگاران ) پولیس کے اعلیٰ حکام نے دعوی کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 16ڈاکو ہلاک اور 27 کے لگ بھگ شدید زخمی ہوئے ہیں، ایل ایم جی، آر پی جی، جی تھری، ایس ایم جی، 12بور، رپیٹر، 9 ایم ایم پستول اور مختلف اقسام کا ایمونیشن برآمد کرلیا گیا ، ہلاک ڈاکو ہزارہ عرف لالا شیخانی اور آذان عرف چھلو پر پنجاب پولیس نے 50، 50 لاکھ روپے انعامی رقم رکھی تھی۔ اسٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے ضلع گھوٹکی کے علاقے کراس بند خان گڑھ چوک میں اندھڑ، لاٹھانی، بکھرانی، شیخانی اور مزاری جرائم پیشہ گینگز کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران بدنام زمانہ ڈاکو عبداللہ دشتی، ہزارا عرف لالا شیخانی، آذان عرف چھلو سمیت9 ڈاکو ہلاک جبکہ 27 ڈاکو زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان کے مطابق 15 دسمبر 2025 کی رات صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ سے ضلع گھوٹکی اوباڑو کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے 18مسافروں کو اتار کر اغوا کر لیاتھا۔پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مغویوں کو بازیاب کرا لیا گیا تھا۔ بعد ازاں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری رکھا گیا۔جاری آپریشن میں ہلاک ڈاکو فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی بروقت کارروائی میں ڈاکوؤں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں9ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ہلاک ڈاکو ہزارہ عرف لالا شیخانی اور آذان عرف چھلو پر پنجاب پولیس کی جانب سے انعامی رقم 50، 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ اس کے علاوہ 8 مغوی جو پہلے سے ڈاکوؤں کی حراست میں تھے جن کو بازیاب کرا لیا گیا۔