’’دہی فیشل‘‘ چہرے کو کرے، نکھرا نکھرا

January 15, 2021

مریم دانش

بعض خواتین گھر کے کاموں میں اتنی مصروف رہتی ہیں کہ ان کے پاس فیشل کروانے کے لیے پارلر جانے کا وقت ہی نہیں ہو تا ۔اور آہستہ آہستہ ان کے چہرے کی رونق اور خوب صورتی ماند پڑنے لگتی ہے ۔لیکن اس کے لیے آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔قدرتی اجزا ء سے گھر میں فیشل کریں اور کیمیکل پروڈکٹس سے جان چھڑائیں ۔ہم آپ کو گھر میں دہی فیشل کرنے کے بارے میں بتا رہے ہیں ۔

اس کو کرکے پائیں چمکدار چہرہ ۔ دہی سے بے جان چہرے پر رونق آجاتی ہے، کیوں کہ اس میں کیلشیئم، پوٹاشئیم اور زنک کی خوبیاں ہوتی ہیں جو تمام جلد کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں اور اس کے ساتھ ہی چہرے کے داغ دھبوں کو ختم کرنے میں مفید ہوتی ہے۔

کلینزنگ

کلینزنگ کرنے کے لیے سب سے پہلے دہی اور لیموں کا رس اچھی طرح ملائیں اور اس کو چہرے پر لگا کر کم ازکم آٹھ منٹ تک مساج کریں ،پھر ٹھنڈے پانی سے چہرے کو دھو لیں۔

اسکربر

ایک ،ایک چمچہ دہی اور چاول کاآٹا اچھی طر ح ملا کر چہرے پر لگائیں ۔لگانے کے بعد دس سے پندرہ منٹ تک مساج کریں ،کیوں کہ جلد کے مساموں کی صفائی مساج کرنے سے آسانی سے ہوجاتی ہے ۔

فیس پیک

فیس پیک تیار کرنے کے لیے بیسن، دہی، ہلدی، شہد، عرقِ گلاب اور لیموں کا جوس اچھی طرح مکس کرکے پیک بنائیں اور چہرے پر لگا کر بیس منٹ کے لئے چھوڑ دیں بعد میں ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ پھر دیکھیں آپ کا چہرہ کیسے نکھرتا ہے ۔