حکومت 25فیصد اضافےکا نوٹیفکیشن جاری کرے، بلوچستان لیبر فیڈریشن

April 20, 2021

کوئٹہ (پ ر )بلوچستان لیبر فیڈریشن نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ کردہ 25فیصد الائونس کی فوری ادائیگی کا نوٹیفکیشن جاری کرے، بلوچستان حکومت مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے، تنخواہوں میں 25 اضافے کے حق سے دستبردار نہیں ہونگے ۔کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاج مظاہروں اور دھرنوں کی کال دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان چیئر مین حاجی بشیر احمد سیکرٹری جنرل قاسم خان مرکزی عہدیدار عبدالمعروف آزاد ، عابد بٹ عبدالعزیز شاہوانی عارف نچاری ملک وحید کاسی دین محمد محمد حسنی ظفر خان رند سیف اللہ ترین فضل محمد عبداللہ مینگل حبیب اللہ لانگو عبدالحمید چراغ اور دیگر رہنمائوں نے بات چیت میں کیا۔ مزدور رہنمائوں نے کہا کہ محکمہ بی ڈی اے کے کنٹریکٹ و پراجیکٹ ملازمین حکومت کی نااہلی اور بی ڈی اے کے مزدور دشمن اقدامات کی وجہ سے گزشتہ دس ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں ،وفاقی حکومت نے جس پالیسی کے تحت تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن کیا، بلوچستان حکومت اس پر عید الفطر سے قبل عملدرآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کرے، بلوچستان لیبر فیڈریشن صوبائی حکومت کی کاہلی اور نا اہلی مزید تسلیم نہیں کرے گی۔ بلوچستان لیبر فیڈریشن میں شامل صوبے کی تمام مزدور و ملازم تنظیموں کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے تنخواہوںمیں 25 اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے ،بی ڈی اے ملازمین کی تنخواہوں محکمہ واسا کے ملازمین اورٹیوب ویل سٹاف کے اوورٹائم پنشن کی ادائیگی ملازمین و کلاس فور ایمپلائز کے پرموشن اور اپ گریڈیشن میونسپل کمیٹیوں کو ضروری فنڈز کی فراہمی کیلئے اقدامات اور احکامات جاری نہ کئے گئے تو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں تمام محکموں اور سرکاری اداروں کے ملازمین کو بھر پور احتجاج کی کال دی جائے گی۔