کابل میں گرلز اسکول اور بچیوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے ،ایچ ایس ایف

May 10, 2021

کوئٹہ(پ ر) ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی بیان میں کابل میں گرلز ہائی سکول پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سانحے کو انسانی تاریخ کے بدترین حملوں میں سے ایک قرار دیاگیا ہے۔ معصوم بچیوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ عمل ہے جسکی مثال کہی نہیں ملتی۔ اس المناک واقعے نے دنیا کے تمام حصوں میں علم و انسان دوست عوام بالخصوص ہزارہ قوم کو غمزدہ کردیا ہے۔ بیان میں معصوم بچیوں کے اس طرح قتل عام کو 150 سالہ ہزارہ نسل کشی کی کڑھی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہےکہ ہزارہ قوم نہ پہلے ظلم اور ظالم کے سامنے جھکی ہے اور نہ مستقبل میں دشمنوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، بیان میں کہاگیاکہ دو صدیوں سے اس خطے میں ہزارہ قوم پر زمین تنگ کردی گئی ہے لیکن اس عظیم قوم نے ہمیشہ، حوصلہ اور عزم کے ساتھ ان تمام سازشوں کا مقابلہ کیا ہے۔ کابل واقعہ پر افغان حکومت کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیتے ہوئے افغان حکومت کی خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہریوں کو امن فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور افغان حکومت اپنے شہریوں کو امن فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور شرپسند گروہوں کے مقابلے میں سر تسلیم خم کرچکی ہے۔ بیان میں شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن ہمیشہ ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔