پشاور، سٹریٹ چلڈرن سینٹرز میں زیر تعلیم تین سو بچوں کو عید گفٹس کی تقسیم

May 11, 2021

پشاور(وقائع نگار) گلیوں کوچوں میں کچرے سے ناکارہ اشیاء جمع کرکے انہیں فروخت کرکے اپنے والدین کی ساتھ اپنے گھرانوں کی کفالت میں معاونت کرنے والے باہمت بچوں کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختوبخوا کے تحت قائم سٹریٹ چلڈرن سینٹرز میں زیر تعلیم تین سو بچوں کو عید گفٹس فراہم کر نے کی تقریب آغوش الخدمت ہوم پشاور میں الخدمت کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب کی صدارت میں منعقد ہوئی اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں الخدمت کے صوبائی میڈیا منیجر نورالواحدجدون،سٹریٹ چلڈرن کے پراجیکٹ آفیسرز مشتاق احمد اور حیدر خان سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص اور ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے محروم رہنے والے بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کرنے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن نے سٹریٹ چلڈرن سینٹرز کا قیام عمل میں لایا ہے جس کے تحت پشاور میں آٹھ سینٹر ز میں تین سو سے زائد اور صوبہ بھر میں 16 سینٹرز میں آٹھ سو سے زائد بچوں کو الخدمت فاؤنڈیشن زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ معاشرے میں سٹریٹ چلڈرن کے نام سے پکارے جانے والے ان بچوں کو الخدمت فاؤنڈیشن نے سٹیٹ چلڈرن کا درجہ دیا ہے اور ان کو تعلیم کی جانب راغب کرنے کے لئے معاشرے کے اہل خیر اور صاحب ثروت افراد کے تعاون سے تمام دستیاب وسائل کو برئے کار لایاجا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان سینٹرز کی بدولت بڑی تعداد میں سٹریٹ چلڈرن اب سکولوں میں داخلہ لے رہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے تین سو بچوں میں عید گفٹس تقسیم کئے واضح رہے کہ قبل ازیں ان بچوں کو رمضان فوڈ پیکجز بھی دیئے گئے ہیں۔