پنجاب میں ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد 296 کی جارہی ہے، فردوس عاشق

May 12, 2021


معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فرنٹ لائن میڈیا ورکرز کیلئے بڑا اعلان کیا ہے، صحافی برادری کو ترجیحی بنیاد پر کورونا ویکسین لگائی جائے گی، پنجاب میں ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد 146 سے بڑھا کر 296 کی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحافیوں کو ترجیحاً کوروناویکسین لگانے سے متعلق سفارشات منظور کر لی گئی ہیں، عید تعطیلات کے بعد پنجاب کے صحافیوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک 18لاکھ سے زائد افراد کو ویکسینیٹ کیا جا چکا ہے، مراکزکی تعداد بڑھانے کا مقصد کم وقت میں زیادہ شہریوں تک ویکسین پہنچانا ہے، بہت جلد لگ بھگ 30 لاکھ مزید ویکسینز پنجاب کو دستیاب ہوں گی۔