• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، شپنگ کمپنی کے چار کریو ممبرز گرفتار

فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے سی پورٹ کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے شپنگ کمپنی کے چار کریو ممبرز گرفتار کرلیے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 1,352 کنٹینرز سے لدے جہاز پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔ 

ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ مارشل آئی لینڈز کے پرچم تلے چلنے والے جہاز میں بڑی بےضابطگی پکڑی گئی ہیں۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران فلپائنی، پاکستانی عملے کے ارکان جعلی دستاویزات سمیت پکڑے گئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان جعلی سی مین بکس پر سفر کر رہے تھے، عملے کے پاس فلیگ اسٹیٹ سی مین بک موجود نہیں تھی اور نہ ہی عملے کے پاس لازمی بین الاقوامی معاون دستاویزات تھیں۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق جہاز کے کپتان اور عملے نے جعلی دستاویز کا اعتراف کرلیا، جعلی دستاویزات دبئی میں شپنگ ایجنٹ نے فراہم کی تھیں۔ 

ترجمان کے مطابق فی کس 5 لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ جہاز کے کپتان، متعلقہ عملے کے خلاف قانونی کارروائی کےلیے شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید