گلاسگو میں کورونا سے تحفظ کیلئے تیسرے بوسٹر انجکشن پر ٹرائل کا آغاز

June 19, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) گلاسگو کے کوئین الزبتھ ہسپتال میں کورونا سے تحفظ کے لئے تیسرے بوسٹر انجکشن پر ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ٹرائل میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ کیا تیسرا انجکشن اضافی تحفظ دے گا اور اگر دیتا ہے تو کس حد تک فائدہ مند ہوگا، نیز اس بوسٹر کے لئے کون سی ویکسین سب سے زیادہ کارآمد ہوگی ۔اس بات کا بھی جائزہ لیاجائے گا کہ اگر مختلف ویکسنز کو ملا کر دیا جائے تو اس سے بھی ایک ہی ویکسین لینے جیسا تحفظ ملے گا، یہ بھی چیک کیا جائے گا کہ کیا ویکسین کی آدھی مقدار موثر تحفظ دینے کے ساتھ بعض مریضوں پر ہونے والے ری ایکشن مثلاً بخار بازو میں درد اور دیگر اثرات سے نجات دلا سکتی ہے؟۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ موجودہ ویکسنز کورونا کے خلاف بہترین طریقے سے کام کر رہی ہیں لیکن کورونا کی بدلتی اشکال اور مستقبل میں ممکنہ نئی اقسام سے نمٹنےکے لئے ایک بوسٹر خوراک کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ ٹرائل میں حصہ لینے والوں کو انہیں پہلے سے حاصل کردہ ویکسین سے مختلف ویکسین کا بوسٹر دیا جاسکتا ہے۔ نیا ٹرائل برطانیہ بھر میں 18 مختلف مقامات پر شروع کیا جارہا ہے جو کہ بوسٹر دینے کی شکل میں امیون سسٹم کے متعلق معلومات پر دنیا بھر میں پہلا منصوبہ ہے۔