راول ڈیم میں تین سیوریج ٹر یٹمنٹ پلانٹ لگانے کا منصوبہ زیر التوا

June 22, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر ) سپریم کورٹ کے حکم کے با وجود ابھی تک راول ڈیم میں آلو دہ پانی کی آمیزش کو روکنے کیلئے تین سیوریج ٹر یٹمنٹ پلانٹ لگانے کا منصوبہ تعطل کا شکار ہے اور اس پر عملی کام شروع نہیں ہوسکا۔ سی ڈی اے نے اس منصوبہ کیلئے یکم جون کو ٹینڈر اوپن کردیا تھامگر ابھی تک فرم کو کام شروع کرنے اور ٹینڈر کی قبولیت کا خط جاری نہیں کیا گیا۔ بھارہ کہو ‘ مل پور اور نور پور شاہاں اور بنی گالہ سمیت راول ڈیم کیچمنٹ ایریا کی تمام غیر قانونی آ بادیوںکا سیوریج بغیر ٹریٹمنٹ کے راول جھیل میں جا رہا ہے۔ کورنگ نالہ اور شاہدرہ نالہ دونوں راول ڈیم میں گرتے ہیں جن میں سیوریج ڈالا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان خود اس پراجیکٹ میں دلچسپی لے رہے ہیں اور خود اس کا سنگ بنیاد رکھیں گے لیکن فرم کو کام ایوراڈ کئے بغیر یہ ممکن نہیں ہے۔ سی ڈی اےنےتین مقامات پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا منصو بہ بنایا ہے۔ اس کی لاگت کا ابتدائی تخمینہ چار ارب سات کروڑ روپےتھا جو اب بڑھ کر پانچ ارب ہوگیا ہے۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ نظر ثانی شدہ پی سی ون منظوری کیلئے پلاننگ کمیشن کو بھیجا گیا ہے۔