اسٹاک مارکیٹ، ایک روزہ تیزی کے بعد پھر مندی، 238 پوائنٹس کم

September 18, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج ،فروخت میں اچانک اضافے سے ایک روز کی تیزی کے بعد پھر مندی چھا گئی، کے ایس ای100انڈیکس میں 238پوائنٹس کی کمی ہوئی ،62.28 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی ،سرمایہ کاری مالیت میں 43ارب 89کروڑ 11 لاکھ روپے کی کمی ،کاروباری حجم بھی 4.41 فیصد کم رہا ، تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ میں ابتدائی سیشن میں تیزی دیکھنے میں آئی اور ایک موقع پر 100انڈیکس 47ہزار کی حد عبور کرتے ہوئے 47181 پوائنٹس تک پہنچ گیا لیکن دوسرے سیشن میں کچھ منفی خبروں کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں اچانک بے چینی دیکھی گئی جس سے فروخت کا دباو بڑھ گیا اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی ، اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 284.38 پوائنٹس کی کمی سے 46636.08 پوائنٹس پر آکر بند ہوا ، کے ایس ای30انڈیکس بھی 177.85 پوائنٹس کی کمی سے 18480.32 پوائنٹس ہو گیا ،اور آل شیئرز انڈیکس 162.25 پوائنٹس کم ہو جانے کے بعد 32010.20پوائنٹس پر آگیا ، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 525 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ،173 کے بھاو بڑھ گئے ،327 کے بھاو میں کمی اور 25 کے بھاو مستحکم رہے ،سرمایہ کاری مالیت 43 ارب 89 کروڑ 11لاکھ 68ہزار روپے کی کمی سے 8135 ارب 38 کروڑ 7لاکھ 24ہزار روپے ہو گئی ، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت ایک کروڑ 78 لاکھ 85ہزار شیئرز کی کمی سے 38 کروڑ 72 لاکھ 92 ہزار شیئرز رہا ۔