پیسکو میں سٹاف کے بے جا تبادلوں کو مسترد کرتے ہیں‘یاسر کامران

September 27, 2021

پشاور(جنگ نیوز) واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین کا اجلاس زونل چیئرمین یاسر کامران اور سیکرٹری عالم زیب کے زیر صدارت پشاور سرکل میں ہواجس میں چارسدہ شبقدر کینٹ ، رورل کینٹ ، سٹی اور سٹی رورل ڈویژن کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے پیسکو میں سٹاف کے بے جا تبادلوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا گیاکہ ایسے اقدامات سے نہ صرف پیسکو کی روزمرہ کارگزاری میں خلل پڑتا ہے وہیں عوام کے مسائل کو بروقت حل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ عوام کا پیسکوسے اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ڈیلی ویج کی بنیاد پر چار ماہ کے لئے مجوزہ بھرتی کے طریقہ کار کو نجکاری کی طرف قدم قرار دیتے خدشات اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاکہ ایسے اقدامات سے کارکنوں اور ملازمین میں بے چینی اور سراسمیگی پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے ملازمین کو مستقبل میں بیروزگاری کے خطرات کا اندیشہ ہے ۔ اس موقع پر واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین نے صوبائی صدر اور زونل چیئرمین یاسر کامران پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نجکاری کے خلاف مزاحمت کی جائے گی اور ایسے کسی اقدام کو تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔