قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بلے باز آصف علی کے شاندار چھکوں پر اُنہیں شاندار میچ فینیشر قرار دے دیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بابر اعظم نے گزشتہ میچ کے چند مناظر کی تصاویر شیئر کیں اور ساتھ ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تینوں میچ جیتنے پر اللّہ تعالیٰ کا شُکر بھی ادا کیا۔
بابر اعظم نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’افغانستان نے خوب مقابلہ کیا جبکہ ہماری ٹیم بالخصوص شاہین شاہ آفریدی اور عماد کی جانب سے باؤلنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’فخر زمان نے بھی قابلِ تعریف اننگز کھیلی جبکہ آصف علی کی جانب سے میچ کا شاندار اختتام واقعی قابل تعریف ہے۔‘
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ’سب کی نظریں اگلے میچ پر جمی ہوئی ہیں۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ رات افغانستان سے میچ میں آصف علی نے 19ویں اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو فاتح بنایا۔
ورلڈ کپ ٹی 20 کے گروپ 2 میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنلسٹ کی فہرست میں اپنی جگہ مضبوط کرلی ہے۔