• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی


آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 

کیویز نے بھارت کی جانب سے دیا گیا ہدف 15ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

دبئی میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گرگئی تھی جب مارٹن کپٹل 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ 

نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان ڈیرل مچل کی صورت میں 96 کے اسکور پر اٹھانا پڑا جہاں وہ 49 رنز بنا کر پویلین لوٹے، تاہم اس کے بعد نیوزی لینڈ کو دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

بھارت کی جانب سے جسپرت بمرا  4 اوورز میں 19 رنز دے 2 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں بولر رہے۔

اس سے قبل بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ کے بولرز نے بھی نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے نہ دیا اور وقفے وفقے کے ساتھ وکٹیں لیتے رہے۔

ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ایشان کشن اوپنر آئے اور 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کے ایل راہول صرف 18 رنز بنا سکے۔

روہیت شرما کے بلے نے رنز اگلنا شروع کیے ہی تھے کہ وہ 14 رنز بنا کر ایش سوڈھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بھارت کو چوتھا نقصان کپتان اور صف اول کے بیٹسمین ویرات کوہلی کی صورت میں ہوا تھا جو بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، انہوں نے صرف 9 رنز بنائے تھے۔

جارح مزاج ریشبھ پنت بھی زیادہ نہ چل سکے اور 12 رنز بنا کر ایڈم ملن کی گیند پر کیلن بولڈ ہوگئے، جس کے ساتھ ہی آدھی بھارتی ٹیم صرف 70 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی تھی۔

ہاردیک پانڈیا اور رویندرا جدیجا نے بالترتیب 23 اور 26 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی جس کے باعث بھارتی ٹیم بمشکل 100 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی۔

بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ ایش سوڈھی بھی دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

میچ میں بہترین بولنگ پرفارمنس پر ایش سوڈھی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ اس شکست کے ساتھ ہی بھارت کے رواں ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

تازہ ترین