سوئنگ کے سلطان اور سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی تینوں فارمٹس میں بہترین کپتان رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم اکرم نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑنے والے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
وسیم اکرم نے اپنی گفتگو میں ویرات کوہلی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت کے ٹی ٹوئنٹی کپتان کے طور پر ویرات کوہلی جیسے چیمپیئن کے لیے یہ بہترین فنشنگ تھی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ویرات کوہلی تینوں فارمیٹس میں ایک لاجواب لیڈر رہے اور اُن کے آخری میچ میں بھی ہم نے اُن کی قیادت دیکھی جوکہ شاندار تھی۔‘
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ’ویرات کوہلی نے نیمیبیا کے خلاف بھی اپنی ٹیم کی نمائندگی بہت زبردست کی جوکہ قابلِ تعریف تھی۔‘
واضح رہے کہ ویرات کوہلی کے کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد اب روہیت شرما کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کا کپتان بنادیا گیا ہے۔
بھارتی میں کرکٹ کے نگراں ادارے بورڈ آف کنٹرول کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا۔
اس حوالے سے بی سی سی آئی نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے دورہ بھارت کے دوران ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے روہیت شرما کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ورلڈکپ سے قبل ہی ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے بھارتی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔