• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا سیمی فائنل: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف


مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دے دیا۔

ابوظبی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ 

انگلش بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

انجری کے شکار جیسن رائے کے ٹیم سے باہر جانے کا اثر انگلینڈ کی بیٹنگ کے ٹاپ آرڈر پر واضح نظر آیا، جہاں جونی بیئرسٹو صرف 13 رنز ہی بناسکے۔ 

ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوز بٹلر نے 29 رنز بنائے، لیکن انہوں نے اس کے لیے 24 گیندیں کھیلیں۔ 

ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر کے بلے باز ڈیوڈ ملان نے 30 گیندوں پر41 رنز اور معین علی نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 37 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے رنز کو آگے بڑھایا۔ 

اختتامی لمحات میں لیام لونگسٹن کے قیمتی 17 رنز کے ساتھ نیوزی لینڈ کی ٹیم 166 کے مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔

 نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، ایڈم ملن، ایش سوڈھی اور جمی نیشم ایک ایک وکٹ لے سکے۔ 

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گروپ 2 میں صرف پاکستان سے شکست کھائی اور اس گروپ میں دوسرے نمبر پر رہی۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم اپنے گروپ میں رن اوسط کی بنیاد پر پہلے نمبر پر رہی تھی، جبکہ اسے جنوی افریقہ کے خلاف آخری گروپ میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کین ولیم سن کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھی وکٹ ہے، آج کا دن بہت بڑا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انگلینڈ ہمیشہ مضبوط حریف رہا ہے، ہماری توجہ کرکٹ پر ہے جو ہم کھیلنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ایون مورگن کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، لیکن امید ہے کہ یہ ٹاس کھیل کا فیصلہ نہیں کرتی۔

انجری کے شکار جیسن رائے کے ٹیم سے باہر ہونے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی دردناک تھا کہ آپ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے سے قبل باہر ہوجائیں، تاہم یہ سیم بلنگز کے لیے بھی ایک موقع ہے۔

کیوی ٹیم پر بات کرتے ہوئے ایون مورگن کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ بہت ہی مضبوط ٹیم ہے، وہ فائنل یا سیمی فائنل میں پہنچنے والی کوئی نئی ٹیم نہیں ہے، وہ اس مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتے رہے ہیں جب سے ہم کرتے رہے ہیں۔ 

نیوزی لینڈ:

کین ولیم سن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جمی نیشم، مچل سینٹنر، ایڈم ملن، ٹم ساؤتھی، ایش سوڈھی، ٹرینٹ بولٹ۔

انگلینڈ:

ایون مورگن (کپتان)، جوز بٹلر، جونی بیئرسٹو، ڈیوڈ ملان، لیام لونگسٹن، معین علی، سیم بلنگز، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید، مارک ووڈ۔

تازہ ترین