• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمان کا کوئٹہ اور پشاور میں مظاہروں کا اعلان


پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ اور پشاور میں مظاہروں کا اعلان کردیا۔ 

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم آج عام آدمی کی آواز ہے۔ مہنگائی کی چکی میں پوری قوم پس رہی ہے، قوم پر ٹیکسز کے پہاڑ گرائے جارہے ہیں، لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ ماں باپ اپنے بچوں کو پارلیمنٹ کے سامنے فروخت کے لیے لائے۔

انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکمران جعلی اکثریت کی بنیاد پر حکمرانی کر رہے ہیں، ان عناصر کےخلاف جدوجہد کرنا جہاد ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ پی ڈی ایم کی قیادت میں کوئٹہ میں کل بڑا مظاہرہ ہوگا، جبکہ پی ڈی ایم کا پشاور میں بھی بڑا کامیاب مظاہرہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نازک ماحول میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم نے لوگوں کو یہ احساس دلانا ہے کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کا ساتھ دینا اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں۔

پریس کانفرنس میں صدر نیشنل پارٹی (این پی) ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، قائم مقام صدر بی این پی عبدالولی کاکڑ، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما یعقوب ناصر اور دیگر بھی موجود تھے۔

پی ڈی ایم کی پریس کانفرنس کو کوریج دینے پر مولانا فضل الرحمان نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ 

تازہ ترین