جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے جس پر بھارت کے سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان ویرات کوہلی شدید افسردہ ہوگئے۔
ویرات کوہلی نے اے بی ڈی ویلیئرز کے اعلان کے بعد اُن کے لیے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا۔
ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں ویرات کوہلی نے کہا کہ ’اے بی ڈی ویلیئرز ہمارے دور کے بہترین کھلاڑی اور سب سے متاثر کن شخص ہیں جن سے میں ملا ہوں۔‘
ویرات کوہلی نے کہا کہ ’آپ کو اس پر بہت فخر ہو سکتا ہے کہ آپ نے اپنے دور میں کتنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔‘
بھارتی کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ ’ہمارا رشتہ کھیل سے باہر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’آپ کے فیصلے سے میرے دل کو تکلیف پہنچتی ہے لیکن میں جانتا ہوں کہ آپ نے اپنے اور اپنے خاندان کے لیے بہترین فیصلہ کیا ہے جیسا کہ آپ نے ہمیشہ کیا ہے۔‘
ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ ’میں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں۔‘