• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا،سید سبز علی شاہ

پشاور(نمائندہ خصوصی)جبہ دائودزئی اکبر پورہ کے عوام کی طرف سے تحصیل کونسل پبی نوشہرہ کے چیئرمین کے امیدوار سید افتخار علی شاہ کی حمایت کا اعلان کر دیاگیا۔ علاقہ کے لوگوں کی طرف سے سید افتخار علی شاہ کے اعزاز میں جبہ دائودزئی میں استقبالیہ دیا گیا جس میں علاقہ کے عوام پی ٹی آئی، اے این پی، مسلم لیگ، قومی وطن پارٹی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ متحدہ عوامی محاذ کے سربراہ سید سبز علی شاہ، معظم شاہ اور فخر سادات سید محسن شاہ باچا اور تحصیل کونسل پبی کے امیدوار سید افتخار علی شاہ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔ تبدیلی لانے کی بجائے ملک کو تباہی سے دو چار کر دیا گیا۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کی بجائے مزید لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کر دیا گیا۔ بار بار مہنگائی بم گرانا عوام کی چمڑی اتارنا اور غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننا حکمرانوں کا ایجنڈا بن گیا ہے۔ تحصیل پبی کے عوام نے انیس دسمبر کو بیٹ، لالٹین اور ترازو کی بجائے سید افتخار علی شاہ کے انتخابی نشان لائوڈ سپیکر پر ٹھپہ لگانے کا تہیہ کر لیا ہے۔ انیس دسمبر کا سورج سید افتخار علی شاہ کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہو گا۔ ادھر انجمن تاجران اکبر پورہ کے سید صلاح الدین اور تاجروں کی طرف سے بھی سید افتخار علی شاہ کی کامیابی کے لئے انتخابی مہم کا آغاز کردیا گیا۔
تازہ ترین