• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زی انٹرٹینمنٹ کے سونی پکچرز میں ادغام کا معاہدہ طے پا گیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ اور زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائزز لمیٹڈ کے درمیان ادغام کا معاہدہ طے پایا ہے۔ اس کے تحت زی انٹرٹینمنٹ کا سونی پکچرز میں ادغام کیا جائے گا۔ دونوں کمپنیوں نے جاری ایک بیان میں کہا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں اپنے نیٹ ورکس کے ساتھ ڈیجیٹل اسیٹ، پروڈکشن آپریشنز اور پروگرام لائبریریوں کو ضم کریں گی۔ ادغام کے بعد جو کمپنی بنے گی اسے بھارت میں درج کرانے کی بات کہی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے تحت سونی پکچرز نیٹ ورکس کے پاس 1.5 ارب ڈالر کی نقد رقم ہوگی، جس میں سونی پکچرز کے موجودہ پروموٹرز اور زی کے بانی پروموٹرز کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ ادغام کے نتیجے میں وجود میں آنے والی کمپنی میں کنٹرولنگ شیئر سونی پکچرز کی پیرنٹ کمپنی سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ انک کے پاس ہوں گے۔ اس کمپنی کے شیئر 50.86 فیصد ہونگے، جبکہ زی کے پروموٹرز کے شیئر 3.99فیصد ہوں گے ۔ بقیہ 45.15 فیصد شیئرزی کے شیئر ہولڈرز کے ہوں گے۔پونیت گوئنکا ادغام شدہ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوں گے جبکہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں زیادہ تر ڈائریکٹر سونی گروپ کے ذریعہ نامزد کیے جائیں گے جس میں سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر این پی سنگھ بھی شامل ہوں گے۔ این پی سنگھ بالآخر سونی پکچرز انڈیا کے چیرمین بنائے جائیں گے، وہ سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ کے عالمی ٹیلی ویژن اسٹوڈیو اور سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ کارپوریٹ ڈیولپمنٹ کے صدر روی آہوجا کو رپورٹ کریں گے۔

تازہ ترین