کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے امریکا کو دھمکی دی ہے کہ اگر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا مقدمہ نہیں چلایا گیا تو وہ بدلہ لیں گے ۔ ایران کے خبررساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ایرانی جنرل کی دوسری برسی کے موقع پر کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو پر القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے مجرمانہ فعل کے لیے عدالت میں منصفانہ مقدمہ نہیں چلایا گیا تو مسلمان اپنے شہید کا بدلہ لیں گے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے بھی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ سلیمانی کے قتل کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہرائے۔