کوئٹہ(خ ن)عوام کو صحت بخش و معیاری خوراک کی فراہمی اور ناقص اشیاء کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے مراکز کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ جمعہ کوحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر لورالائی میں 7 ، وندر میں 5 جبکہ کوئٹہ میں 7 مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ڈبل روڈ کوئٹہ میں قائم میٹ شاپس کے معائنے کے دوران 7 مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے ، میٹ شاپس کو دکانوں میں گندگی ، آلودہ و جراثیم زدہ کٹنگ اوزار کے استعمال ، دکانوں کے احاطے میں جانور ذبح کرنے اور بارہا منع کرنے کے باوجود گوشت باہر لٹکانے پر جرمانہ کیا گیا ۔ وندر ضلع لسبیلہ میں بی ایف اے زونل ٹیم نے متفرق کھانے پینے کے مراکز چیک کئے ، اس دوران 3 ہوٹلوں میں باسی کھانے اسٹور کئے گئے تھے جبکہ ہوٹلوں میں صفائی کی صورتحال ابتر اور کھانوں میں کھلا و ناقص کوکنگ آئل استعمال کیا جارہا تھا ،ایک بیکنگ یونٹ کا پروڈکشن یونٹ انتہائی گندا ، مشینری زنگ آلود اور تیار اشیاء نامناسب طریقے سے اسٹور کی گئی تھیں ،ایک ہولسیلر سے زائد المیعاد پیکٹ مصالحے ، کولڈڈرنکس ، پیکٹ دودھ و فروزن فوڈ آئٹمز برآمد ہوئے جن پر مذکورہ مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اسی طرح لورالائی میں فراہم کردہ فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک ہوٹل ، 2 بیف اینڈ مٹن شاپس ، 2 پولٹری شاپس کو جرمانہ کیا گیا ، بی ایف اے زونل حکام نے چیکنگ کرتے ہوئے 2 جنرل اسٹورز سے بڑی مقدار میں ممنوعہ چائنیز نمک ، ملک کریم اور ایکسپائرڈ خوردنی مصنوعات برآمد کیں ، مضر صحت اشیاء قبضے میں لیکر مذکورہ دونوں جنرل اسٹورز پر جرمانے عائد کئے گئے۔