• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں ڈاکو راج جاری، ایک ہی روز میں لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے 3 افراد کی جان لے لی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) شہر میں ڈاکو راج جاری ، ڈاکووں نے چند گھنٹوں کے اندر اندر شہر کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے 3 افراد کی جان لے لی جبکہ نو جوان لڑکی کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔

کشمیر روڈ پر ماں اور بہن سے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکووں نے فائرنگ کرکے 28سالہ نوجوان شاہ رخ کو جاں بحق کردیا۔

مقتول کا دور وز قبل ہی ولیمہ ہو ا تھا ، کلفٹن شون سرکل انڈرپاس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا، مقتول کی شناخت 35سالہ ویربھان سمر داس کےنام سے ہوئی ۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس کے قریب بنگلے کے باہر ڈاکو رکشے میں آنے والی شاہ رخ کی والدہ اور بہن سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ وہ باہر آگیا اور اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اسے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جسے تشویشناک حالت میں فوری طبی امداد کے لیے اسٹیڈیم روڈ پر قائم نجی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، بعدازاں مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جائی گی۔ 

مقتول شاہ رخ اور اس کے بھائی کی 3 روز قبل شادی اور دو روز قبل ولیمہ ہواتھا جبکہ وہ 4 بھائیوں اور 3 بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا، ان کا نیو ایم اے جناح روڈ پر کار شوروم ہے۔ 

سچل تھانے کی حدود سپر ہائی وے پیٹرول پمپ منی بس اسٹاپ کے قریب مسلح ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کر نے پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو شدید زخمی کردیا، جو عباسی اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گیا ، مقتول کی شناخت 55 سالہ عبدالقدیر ولد شمس داد کے نام سے ہوئی ہے ، پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا ، مقتول اسی علاقے کا رہائشی تھا۔ 

زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی سیکٹر ایف بھٹائی کالونی شمیم مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کر نے پر فائرنگ کر کے20 سالہ سمیر ا دختر ایوب کو زخمی کردیا۔

زخمی خاتون نے اسپتال میں پولیس کو بیان دیا کہ نجی بینک کے اے ٹی ایم سے رقم نکال کر نکلی تھی کہ کچھ ہی فاصلے پر ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر پرس چھینے کی کوشیش اور مزاحمت پر گولی مار دی اور 5000 ہزار روپےچھین کر لے گئے۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز اسٹریٹ کرمنلز نے وارداتوں کے دوران3 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ۔ 

اور پولیس کو تمام وسائل بروئے کار لا کر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔تمام فیلڈ آفیسرز کو ازخود پولیس پیٹرولنگ کو مانیٹر کرنے کی ہدایت جاری۔

پولیس کا گشت بڑھانے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے احکامات جاری۔

سچل پولیس نے ڈکیتی میں مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے ،حالیہ واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائیگا۔

اہم خبریں سے مزید