• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روپے کی طرح پاکستانی پاسپورٹ کی قدر بھی گر گئی

راچڈیل ( نمائندہ جنگ) پاکستانی روپے کی طرح پاسپورٹ کی قدر بھی گر گئی، برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانی تارکین وطن نے ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کی طرف سے پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا کے چار بدترین پاسپورٹس میں شامل کرنے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا بھر میں نمایاں مقام دلوانے کے دعوے اور خواب پورے نہیں ہو سکے جو افسوسناک ہے، دنیا بھر کے پاسپورٹس کی رینکنگ کرنے والے معروف ادارے ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ دنیا کے چار بدترین پاسپورٹس میں سے ایک ہے اور پاکستانی شہری دنیا کے صرف 31 ملکوں کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں، مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کا نمبر دنیا کے 116 ملکوں میں 113 نمبر پر ہے ،ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کی پاسپورٹس رینکنگ کرنے کی بنیاد یہ ہوتی ہے کہ اس پاسپورٹ کے حامل دنیا کے کتنے ملکوں میں بغیر ویزا جا سکتے ہیں یا انہیں آمد کے بعد ہوائی اڈے پر ہی ویزا جاری کر دیا جاتا ہے، سال 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے جاری ہونے والی اس ادارے کی فہرست کے مطابق جاپان اور سنگاپور کے پاسپورٹ مشترکہ طور پر دنیا میں طاقتور ترین ہیں اور ان کے ملکوں کے پاسپورٹ کے حامل 192 ملکوں کا سفر پہلے سے ویزا لیے بغیر کر سکتے ہیں،دوسرا نمبر جرمنی اور جنوبی کوریا کا ہے جن کے پاسپورٹ 190 ملکوں کے لیے کارگر ہیں، جب کہ فن لینڈ، اٹلی، لکسمبرگ اور اسپین والے 189 ملکوں میں آسانی سے جا سکتے ہیں، فہرست میں افغانستان سب سے نیچے ہے، جس کے شہری صرف 26 ملکوں میں بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں ،پاکستانی پاسپورٹ پر کک آئی لینڈ، ڈومینیکا، ہیٹی، گیمبیا، مائیکرونیشیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو، مونٹ سیراٹ، نیو، سینٹ ونسن اور وانواتو کا سفر بغیر ویزا ممکن ہے، کمبوڈیا، کینیا، مالدیپ، مڈغاسکر، سیشلز، موریطانیہ، صومالیہ، نیپال، سری لنکا، سینی گال اور یوگنڈا سمیت 22 ملکوں میں پہنچنے کے بعد ہوائی اڈے پر ویزا حاصل کرنے کی سہولت میسر ہے، حیرت انگیز طور پر یمن، فلسطینی علاقے، صومالیہ اور لیبیا تک پاکستان سے اوپر ہیں جو سیاسی لحاظ سے پاکستان سے کہیں زیادہ انتشار کا شکار رہے ہیں۔
یورپ سے سے مزید