اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے سابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے آڈیو کلپ کا فرانزک تجزیہ کروانے کی پیشکش کی ہے۔
اٹارنی جنرل بیرسٹرخالد جاوید خان اور پاکستان بار کونسل سے غیر ملکی مستند فرانزک ایجنسیز کے نام طلب کر لئے۔ جبکہ عدالت نے درخواست گزار کوآڈیو کلپ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ایک بھی ثبوت ہو جس سے یہ شبہ بھی ہو کہ کسی کی ہدایت پر کوئی فیصلہ کیا گیا ہو توہ پیش کیا جائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت28جنوری تک ملتوی کردی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کے آڈیو کلپ کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کرنے کی دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر صلاح الدین احمد کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا تھا کہ میاں ثاقب نثارکی جو مبینہ آڈیو زیرگردش ہے اس حوالہ سے کمیشن تشکیل دیا جائے اوران تمام ترالزامات کی تحقیقات کروائی جائیں۔