راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ نے جس طرح اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ حضور نبی رحمتؐ کی غلامی و اتباع میں بسر کیا آج بھی اُمت مسلمہ کو اپنی کشتی پریشانیوں، تکالیف اور مشکلات کے بھنور سے نکالنے کیلئے اسی کردار صدیقی کو اپنے سروں کا تاج بنانا ہو گا۔ عید گاہ شریف رشد و ہدایت کا ایک ایسا سر چشمہ ہے جو اتباع و عشق رسولؐ اور غلامی و محبت صدیق اکبرؓ کی دولت مخلوق خدا میں تقسیم کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےدربار عالیہ عید گاہ میں میلاد پاک بارہویں شریف کے موقع پر شان حضرت سیدنا ابو بکر صدیق ؓکانفرنس اور عرس خواجہ پیر محمد عبدالرحمان المعروف قبلہ عالم ثانی کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر محمد نقیب الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کائنات میں جب بھی کسی کو کوئی انعام عطا ہوا تو وہ اتباع و غلامی مصطفیٰؐ کی بدولت ہی عطا ہوا۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ مردوں میں سب سے پہلے ایمان لا کر غلامی مصطفیٰؐ اختیار کر کے اور اپنی زندگی کے آخری سانس تک اتباع و غلامی کی تصدیق کر کے مقام عشق و صداقت پر فائز ہوئے۔ پیر محمد حسان حسیب الرحمان نے کہا کہ حضور نبی رحمتؐ کی اتباع و غلامی کی جو شمع فروزاں حضرت صدیق اکبرؓ نے روشن کی تاقیامت مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کو حرارت پہنچاتی رہے گی۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ کے ہمراہ غار ثور میں ہجرت کے موقع پر قیام کے دوران نبی رحمتؐ نے فرمایا غم نہ کریں اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر انعام، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز محمود، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مفتی محمد زبیر، سجادہ نشین چورہ شریف پیر سید سعادت علی شاہ، سجادہ نشین گھمگول شریف پیر انور جنید اور شہباز ظہیر سمیت دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔