اسلام آباد ( طاہر خلیل )پاپولیشن کونسل نے وزارت اطلاعات انفارمیشن سروس اکیڈمی اور اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے آبادی کے اشتراک سے تقریب کا انعقاد کیا، جس کا مقصد مشترکہ مفادات کونسل کے تحت پاکستان کے قومی ایکشن پلان برائے آبادی پر پیش رفت میں میڈیا کے کردار کو اجاگرکرنا تھا۔اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان برائے آبادی پر موثر عملدرآمد کیلئے صوبے کردار ادا کریں ، اس پر قومی بیانیے کی تشکیل ضروری ہے۔ تقریب میں سینئر صحافیوں، ابلاغیات ماہرین اور سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اس اہم موضو ع پر تبادلۂ خیال کیا ، پاپولیشن کونسل کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر علی میر نے آبادی اور وسائل کے درمیان توازن لانے کیلئے قومی بیانیے کی تشکیل میں ذمہ دار صحافت کے اہم کردار پر زور دیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی ایکشن پلان برائے آبادی پر پیش رفت اسی وقت ممکن ہے جب میڈیا اس پلان پر عمل درآمد میں موجود خلا، خدمات کی فراہمی میں رکاوٹوں اور کمیونٹیز کی زمینی حقیقتوں کو نمایاں کرے۔