• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور، بم دھماکا، 3 شہید، انار کلی بازار میں رش کے دوران موٹرسائیکل پر نصب بم پھٹ گیا، 29 زخمی، کالعدم بلوچ آرمی نے ذمہ داری قبول کرلی


لاہور (نمائندگان جنگ، جنگ نیوز، خبر ایجنسیاں) لاہور، بم دھماکا، 3شہید ،انارکلی بازار میں رش کے دوران موٹر سائیکل پر نصب بم پھٹ گیا، 29زخمی، متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، کئی موٹر سائیکلیں بھی جل گئیں، دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا، ڈیڑھ کلو بارود استعمال ہوا.

دھماکے کی جگہ گہرا گڑھا، شہداء میں بچہ بھی شامل،6زخمیوں کی حالت تشویشناک ، وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ملزمان بچ نہیں پائیں گے.

وزیر داخلہ شیخ رشید کاکہناہےکہ دہشتگرد وہ مانگ رہے تھے جو ہم نہیں دے سکتے، انکے ساتھ جنگ بندی ختم ہوچکی، نئی لہر سے ہوشیار رہنا ہوگا،5شہروں کیلئے الرٹ جاری کیا ہوا ہے، ادھرکالعدم بلوچ آرمی نے ذمہ داری قبول کرلی۔

گزشتہ روز لاہور میں نیو انارکلی کے علاقہ پان منڈی میں بم دھماکہ سے 9سالہ بچے سمیت 2افراد شہید اور 29زخمی ہو گئے،6کی حالت تشویشناک ہے،8موٹر سائیکلیں جل گئیں،متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور جائے وقوعہ پر ڈیڑھ دو فٹ کا گڑھا پڑ گیا.

فرانزک ذرائع کے مطابق دھماکہ ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا جس میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا،اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،بعض مشکوک افراد کو گرفتارکر لیا.

سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا،جاں بحق شخص کی شناخت 31 سالہ رمضان کے نام سے ہوئی، 9سالہ بچہ ابصار بھی مرنے والو ں میں شامل ہے جبکہ زخمیوں میں 17سالہ ارسلان تحصیل جتوئی علی پور کا رہائشی ہے 45سالہ انور، 18سالہ شیر زمان، 50سالہ محمد جمیل، 70سالہ ، 22 سالہ عبداللہ، 37سالہ سلمان احمد، 25سالہ محمد سمیع، 31سالہ محمد سلمان، 25سالہ اعجاز، 30سالہ حیدر سلطان، 54سالہ ظہیر اقبال، 32سالہ ندیم، 27سالہ احمد، 30سالہ بلال، 27سالہ فیصل سعید، 33سالہ طاہر حفیظ، 35سالہ حیدر طاہر، 20سالہ ارشد خالد، 42سالہ اظہر، 50سالہ زوار خاں، 21سالہ واحد، 42سالہ فیصل بٹ، 45سالہ نبیلہ بی بی، 25سالہ شاہ سلمان اور 22سالہ ردا شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل اور دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں کے افراد نے موقع سے شواہد اکٹھے کئے اور جائے وقوعہ کو قناتیں لگا کر بند کر دیا، ایک فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص موٹر سائیکل کے نیچے دھماکہ خیز مواد رکھ رہا ہے پولیس نے اس شخص کی تلاش شروع کر دی ہے.

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے کا امن و امان خراب کرنے والے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور انار کلی دھماکے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں سمیت تمام ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان وزیراعظم نے انار کلی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ انارکلی بازار لاہور کے پاس ہونے والا دھماکا امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے،دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سےنہیں بچ پائیں گے، ہم دھماکےمیں جاں بحق افراد کےاہلخانہ کےدکھ اور درد میں برابر کےشریک ہیں، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنےکی ہدایات دی ہیں،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں کہ لاہور دھماکے میں کون ملوث ہے،کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے سیزفائر ختم ہوچکا ہے، پانچ شہروں سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کیا ہواہے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد،وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب محمد بشارت راجہ ، کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف،پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز،پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری ،سابق صدر آصف علی زرداری ،مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے لاہور انارکلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعائیں کیں۔                

اہم خبریں سے مزید