• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں طوفانی ہوا سے 5 زندگیوں کے چراغ گل، الیکٹرک پول اور دیواریں گر گئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث دکانوں اور مکانات کی چھتیں، دیواریں اور بجلی کا پول گرنے سے ملبے تلے دب کر تین بچوں سمیت5افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ، گرد آلود ہواؤں کے جھکڑ باعث درخت بھی اکھڑ گئے۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں جمعہ کو چلنے والی طوفانی تیز ہوائوں کے باعث مختلف مقامت پر دکانوں اور مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات ہوئے۔ سرجانی کے علاقے گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا عباسی شہید اسپتال جس کی شناخت7 سالہ عبدالرحمن ولد محبوب علی کے نام سے ہوئی۔

اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹر چار راجہ تنویر کالونی عائشہ مسجد کے قریب دیوار گرنے سے 5سالہ فرمان ولد شمس الرحمن زخمی ہوگیا جو عباسی اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔

گلشن معمار انور مری گوٹھ واٹر بورڈ کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی عمر تقریبا45 سال ہے اور اس کی فوری شناخت نہیں ہوسکی۔

موچکو کے علاقے مواچھ گوٹھ میں چھت کا کچھ حصہ گرگیا، جس کے ملبے تلے دب کر خاتون سمیت2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کی شناخت 55سالہ عبدالغفور، 50 سالہ حمیدہ زوجہ غفور اور 18سالہ حمیرا زوجہ عبدالرئوف کے ناموں سے ہوئی۔

گلشن اقبال اور نارتھ ناظم آباد میں درخت گرگئے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سائٹ بی کے علاقے گلبائی پل کے قریب زیر تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر مزدور جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت55 سالہ فقیر حسین ولد منظور حسین کے نام سے ہوئی ہے۔

تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک ایل کے قریب واقع لائبریری کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق عباسی شہید اسپتال میں لاش کی شناخت 60 سالہ رتن ولد باغ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق تین ہٹی کے مقام پر تیز ہوا سے درخت گرگیا جس کے باعث 2 رکشوں اور چائے خانے کو نقصان پہنچا۔

اہم خبریں سے مزید