• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی طرف سے فربہ افراد کو دبلا ہونے کیلئے نئی سہولت فراہم

لندن (سعید نیازی) حکومت کی طرف سے فربہ افراد کو دبلا ہونے کیلئے نئی سہولت فراہم کر دی گئی ہے جس کے تحت اب وہ فارماسسٹ سے این ایچ ایس کے وزن کم کرنے سے متعلق بھی معلومات حاصل کرسکیں گے، اس سے قبل موٹے ، کولیسٹرول یا ہائی بلڈپریشر میں مبتلا افراد ہی اپنے جی پی کے ذریعے 12 ہفتوں کے ویٹ مینجمنٹ پروگرام کا انگلینڈ میں حصہ بن سکتے تھے لیکن اب فارماسسٹ بھی لوگوں کو اس پروگرام کا حصہ بنا سکیں گے جس کے تحت انہیں ورزش کے علاوہ ڈائٹ پلان بھی دیا جاتا ہے بعض افراد ’’ایپ‘‘ کے ذریعے بھی ٹریننگ اور سپورٹ حاصل کر سکیں گے۔ ایسے افراد جن کا باڈی انڈیکس (بی ایم آئی) 30 سے زیادہ ہوگا وہ اس پروگرام کا حصہ بن سکیں گے جب کہ ایشیائی، سیاہ فام اور دیگر نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد جن کے ٹائپ ٹو ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے وہ بی ایم آئی 27.5پر بھی اس پروگرام میں شمولیت اختیار کر سکیں گے۔ برطانیہ میں ہر پانچ میں سے تین افراد کا وزن زائد ہے جب کہ ہر چار میں سے ایک موٹاپے کا شکار ہے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کے ڈپٹی فارماسیوٹیکل آفیسر ڈاکٹر بروس وارنر نے کہا کہ موٹاپا قوم کی صحت کیلئے خطرہ ہے جو کوویڈ میں مبتلا ہونے کی صورت میں مرنے کے امکانات کو بڑھاتا ہے اور دیگر خطرناک بیماریوں فالج، کینسر وغیرہ کا خطرہ بھی بڑھا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ ایس کے ریڈیکل ایکشن پلان کے سبب اب لوگوں کیلئے اپنی صحت کا خیال رکھنا آسان ہو جائے گا۔ ذیابیطس کی بیماری پر این ایچ ایس سالانہ تقریباً 10 بلین پائونڈ خرچ کرتا ہے۔ جی پی ہر 20 میں سے ایک نسخہ اس بیماری کے علاج کیلئے دیتے ہیں۔

یورپ سے سے مزید