لاہور(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی کی وجہ سے مہنگائی بڑھی اس لیے پاکستان میں بھی بڑھی ہے لیکن مہنگائی سے تاجروں اور صنعتکاروں کو فائدہ ہوا۔ہمارا مقابلہ اپوزیشن سے نہیں مہنگائی سے ہے،پچھلی حکومت نے 60 فیصد بجلی گھر ایندھن پر کر دیے تھے۔
لاہور میں وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں پہلا مرحلہ تنظیم سازی کا ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں، پچھلی حکومت نے 60 فیصد بجلی گھر ایندھن پر کر دیے تھے، آنے والے وقت میں پانی سے بجلی بنائی جائے گی، گیس، بجلی اور دیگر منصوبوں پر لاہور میں کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چار مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑا، پہلا مسئلہ قرضوں کی واپس ادائیگی کا تھا، دوسری مصیبت ہمیں کورونا کی شکل میں دیکھنی پڑی، ہم اربن مڈل کلاس کے لیے مزید اسکیمیں لے کر آ رہے ہیں، احساس پروگرام کے ذریعے مہنگائی کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔