کراچی (نیوز ڈیسک) ناسا کی ہبل ٹیلی اسکوپ نے ایک بلیک ہول کو نئے ستاروں کو جنم دیتے ہوئے تصاویر کھینچ لی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قصیر کائنات (ڈوارف گیلکسی) میں موجود ایک بلیک ہول کی جانب سے نئے ستاروں کو جنم دینے کے واقعے سے معلوم ہوتا ہے کہ بلیک ہولز کو عمومی طور پر پرتشدد ستارے نگلنے والا پراسرار مظہر سمجھا جاتا ہے لیکن نئے ستاروں کو جنم دینے کا مظہر پہلی مرتبہ دیکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق Pyxis نامی ستاروں کے جھرمٹ میں تین کروڑ نوری سال کے فاصلے پر Henize 2-10 نامی کہکشاں میں یہ بلیک ہول موجود ہے جو تیزی سے نئے ستارے پیدا کرنے لگا، یہ صورتحال ہبل ٹیلی اسکوپ نے اپنے کیمروں میں محفوظ کر لی۔ نیچر جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ Henize کہکشاں بہت چھوٹی ہے اور اس میں ستاروں کی تعداد ہماری کہکشاں (ملکی وے) سے دسویں حصے کے برابر ہے۔ اس چھوٹی کہکشاں میں موجود بلیک ہول اتنا بڑا نہیں جتنا بڑی کہکشائوں میں ہوتا ہے تاہم اس کا حجم سورج سے دس لاکھ گنا زیادہ ہے۔