• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفیرپاکستان بابر امین اورناروے کے وزیر تعلیم کی ملاقات

اوسلو(ناصراکبر) سفیر پاکستان بابر امین نے دوطرفہ تعاون کے شعبوں اور دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط قائم کرنے کیلئے ناروے کے وزیر تحقیق اور اعلیٰ تعلیم اولا بورٹن مو کے ساتھ ملاقات کی ، سفیر پاکستان بابر امین نے وزیر تعلیم ناروے کو پاکستان کے تعلیمی نظام اور دونوں ممالک کے درمیان مضامین کے شعبوں میں تعاون کے بہترین مواقع اورطلباء کے تبادلے کے پروگرام، آرٹی کلیشن معاہدوں، باہمی تحقیق، مشترکہ ورچوئل لرننگ پروجیکٹس، وکیشنل ایجوکیشن، لائبریری وسائل کے اشتراک اور ایچ ای سی کے لئے وظائف بھیجنے کے بارے میں بتایا، مسلسل تعلیم اور ڈاکٹریٹ کی تعلیم کیلئے ناروے کی یونیورسٹیز میں NORAD پروگرام کے دوران دونوں طرف سے تین یونیورسٹیز کے درمیان شراکت داری پرناروے کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر تعلیم ناروے اولا بورٹن مو نے علمی اور سائنسی تحقیق کے شعبوں میں ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلیمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا،وزیر تعلیم نے پاکستان کے ساتھ قابل عمل اور باہمی طور پر فائدہ مند تعلیمی منصوبوں کے لیے ناروے کی حکومت کی حمایت کا یقین دلایا۔ وزارت تعلیم ناروے کے سینئر ایڈوائزر سوین ہلسٹین نے ناروے کے مختلف تعلیمی ڈائریکٹوریٹ اور تحقیقی اداروں کے ساتھ مفید امکانات کا اشتراک کیا۔ انہوں نےمختلف تحقیقی منصوبوں میں تعاون اور ناروے کی ریسرچ کونسل اور پاکستان میں تحقیقی اداروں کے مقالوں کی مشترکہ اشاعت کو بھی سراہا، ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم، سائنسی تحقیق، پیشہ ورانہ اور تکنیکی تعلیم میں تعاون کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔ 
یورپ سے سے مزید