• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی نمائندوں کی تاحیات نااہلی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد(پی پی آئی/صباح نیوز)نواز شریف اورجہانگیر ترین کی تاحیات نا اہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔

صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون کی جانب سے تاحیات نا اہلی کیخلاف درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں استعمال کیا جائے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آرٹیکل 184/3 کے اختیار کے تحت سپریم کورٹ بطور ٹرائل کورٹ امور انجام نہیں دے سکتی، آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کا حق نہیں ملتا، اورعدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کا حق نہ ملنا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپیل کے حق کے بغیر تاحیات نا اہلی متعلقہ حلقہ کے ووٹرز کے بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے، اپیل کے حق کے بغیر تاحیات نا اہلی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلوں میں آرٹیکل 62 ون ایف کے اطلاق کے پیرامیٹرز طے کئے، آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت جو الیکشن چیلنج ہو صرف اسکو ہی کالعدم کیا جائے۔

اہم خبریں سے مزید