اسلام آباد (محمد صالح ظافر ؍خصوصی تجزیہ نگار) پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایران میں امن کے پیامبر اور انسانیتکے دوست کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے، انہیں ایران کے ہر طبقے میں اس طور پر قدرو منزلت حاصل ہے کہ بطور پاکستانی ہمارا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے، فیلڈ مارشل نے پاکستان کو عالمی احترام کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے منگل کو جنگ/ دی نیوز سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے اس وقت کہی جب وہ پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کے بعد داخلہ امور کے وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ وہاں سے روانہ ہورہے تھے۔ سینیٹر نقوی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دو روزہ طوفانی دورہ ایران میں ان کے ہمراہ تھے اور دارالحکومت تہران میں ان کی تمام اہم ملاقاتوں میں شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج امن کے خواہاں عالمی دارالحکومتوں میں پاکستان کے لئے بے پناہ خیرسگالی پائی جاتی ہے، قبل ازیں سینیٹر محسن نقوی نے مختصراً سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کی۔