اسلام آباد( رانا غلام قادر ) پرائیویٹ میڈ یکل کالجز کی زیادہ فیس کی وصولی کا معاملہ قومی اسمبلی میں پہنچ گیا ۔ ارکان اسمبلی آسیہ نا زتنولی ،زہرہ ودود فاطمی اور ہما اختر چغتائی نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالجز 35سے 40 لاکھ روپے فیس بھی وصول کر رہے ہیں،ان کے خلاف کاروائی کی جا ئے۔پارلیمانی سیکرٹری قومی صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے جواب میں دیا کہ نجی میڈیکل کالجز میں 18 سے 21لاکھ روپے سالانہ فیس مقرر ہے، زائد فیس وصولی پر 45اداروں کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ، یہ اہم مسئلہ ہے حکومت جس پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے،ڈپٹی وزیر اعظم کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے اس کا جائزہ لے کر 18 لاکھ روپے سالانہ کی فیس طے کی۔کچھ کالجز نے کہا کہ ہماری اضافی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے 25 لاکھ روپے فیس مقرر کی جائے۔ اس پر درخواستیں طلب کی گئیں،61نے اس پر درخواستیں جمع کروائیں۔