کوئٹہ(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنما و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر عطا محمد گل حمزہ زئی نے پارٹی وفداور قبائلی عمائدین سےبات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لورالائی میں ایگل سکواڈ کی کارکردگی متاثرکن تھی جس کے باعث لورالائی شہر اور مضافات میں امن کی فضا قائم تھی مگر افسوس ایگل سکواڈ کو ختم کرنا لورالائی کے ساتھ ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لورالائی میں امن و امان کے قیام میں ایگل سکواڈ کاا ہم کردار ہے ۔ہم گورنر بلوچستان ،وزیراعلیٰ،وزیر داخلہ اورآئی جی پولیس سے اپیل کرتے ہیں کہ ایگل سکواڈ جوبڑی تعداد میں لوکل نوجوانوں پر مشتمل ہے اورپہلے ہی پولیس نفری کی کافی حد تک کمی ہے لہٰذا لورالائی اور مضافات میں ایگل سکواڈ کو مستقل بنیادوں پر تعینات کیا جائے۔ڈاکٹر عطاگل حمزہ زئی نے کہا کوئٹہ کے بعد لورالائی بلوچستان کا دوسرا بڑا شہر ہے جہاں لیویز پولیس اور ایگل سکواڈ کی مزید نفری کی ضرورت ہے ،عوامی نیشنل پارٹی اپنے عوام کے ساتھ مل کر اس مسئلہ کو جلد حل کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی، انہوں نے کہا کہ لورالائی میں بیروزگاری کی بڑھتی شرح کے پیش نظر پولیس، لیویز اور ایگل اسکواڈ میں بھرتیوں کا سلسلہ شروع کیا جائے تاکہ بیروزگاری میں کمی آئے۔