• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے محرومیوں کا خاتمہ کیا، پاکستان کے بحرانوں کا حل فوری شفاف انتخاب ہیں، مقررین

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ بحران کا واحد حل فوری اور شفاف انتخاب ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہئے۔ عوامی نمائندہ حکومت ہی پاکستان کے مسائل کا حل اور ریاستی اداروں کے لئے ضروری ہے، پاکستان مسلم لیگ ن دنیا بھر میں اوورسیز کمیونٹی کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دینا چاہتی ہے جس طرح اسمبلی کے اندر خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کا کوٹہ ہے، اسی طرح اوورسیز کے لیے بھی کوٹہ مختص ہونا چاہئے، پوری دنیا میں پاکستانی کمیونٹی اپنے وطن کی پہچان ہیں اور ملک کی معشیت میں ریڑھ کی ہڈی رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹرانسمیشن نظام بند کر کے جس طرح الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش کی گئی اگر اسے دوبارہ دھرایا گیا تو اس کے بھیانک نتائج ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما طارق بٹ کی جانب سے بریڈفورڈ میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ظہرانے میں شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین ایم پی کے علاوہ کائونٹی بھر سے مختلف کمیونٹی رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔ عابد شیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں تو ہمارے لیے قابل صد تکریم ہیں، آئین کی بالا دستی ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی کشتی کو ڈبو دیااور عوام کا جینا دو بھر کر دیا گیا ہے، ضروریات زندگی ان کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ نواز شریف ہی تھے جنہوں نے ملک کو اندھیروں سے نکالا، ملک سے دہشت گردی کو ختم کر کے امن کو بحال کیا، آج پھر سے دہشت گردی نے موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے، انہوں نے دہشت گردی سے سیکورٹی اداروں کی شہادتوں پر افسوس اور دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے کہا کہ سیاست میں رواداری کو ختم کر کے گالم گلوچ اور بدتمیزی کے سیاسی کلچر کو پروان چڑھایا جارہا ہے، عمران خان نے نام نہاد احتساب کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خاندان کا اپنا وراثتی کاروبار تھا پھر بھی پرویز مشرف کے دور میں اور موجودہ حکومت نے احتساب کیا مگر کوئی کرپشن ثابت نہ کر سکے بلکہ احتساب کے نام پر اربوں روپے کا چونا ملک کو لگایا، ان کا کوئی احتساب نہیں، دوسری جانب جن کا آگے پیچھے کوئی والی وارث نہیں وہ ارب پتی بن گئے، بیرون ملک جائیدادوں سمیت کاروبار بنائے مگر ان کا کوئی احتساب نہیں کرتا،عمران خان نے اپنے دور میں کوئی ایک بھی منصوبہ یا وعدہ پورا نہیں کیا، وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف پھر سے وطن جائیں گے ،پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔ عابد شیر علی جب تقریب میں پہنچے تو کارکنوں نے ان کا گلے میں پھولوں کے ہار ڈال کر استقبال کیا، تقریب کے میزبان طارق بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان پر جس طرح ظلم کے پہاڑ توڑے گئے اور مسلم لیگ ن کو دیوار کے ساتھ لگانے کی ناکام کوشش کی گئی ،اس کے باوجود نواز شریف اور ان کا خاندان عزم کی چٹان بنا ہوا ہے، اس موقع پر انہوں نے پُرجوش انداز میں میاں تیرے جان نثار بے شمار بے شمار کے نعرے بھی لگائے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر بٹ نے کہا کہ نواز شریف اپنے بیانیے پر قائم ہیں، ان کو عدالتوں نے جو سزائیں سنائیں انہی ججوں نے خود اقرار کیا کہ ہم پر دبائو ڈالا گیا، شہزاد اکبر نے نام نہاد احتساب اور براڈ شیٹ میں جو کردار ادا کیا اور اربوں روپے کا ملک کو نقصان پہنچایا، اس کا بھرپور احتساب کیا جائے گا۔ حاجی سیف احمد خان یوتھ جنرل سیکرٹری برطانیہ نے کہا کہ پاکستان کی ہر آنے والی حکومت اوورسیز کمیونٹی کو پاکستان کا سفیر سمجھتی ہے، انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پیسہ بھیجنے کا سفیر اور قربانی کا بکرا بنانے کی بجائے ان کو پاکستان میں پارلیمانی نمائندگی کا حق دیا جائے، پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والے ورکرز کو اہمیت دی جائے، انہوں نے کہا کہ اوورسیز سے ہی اسمبلی میں نمائندگی اور وزارت دی جائے ۔تقریب سے سابق لارڈ میئر اولڈھم کونسلر عتیق الرحمن ، لیڈز کے کونسلر گوہر الماس خان ،راجہ جاوید ، اسد بٹ ، راجہ مسعود ،شکیل بٹ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی کو یارکشائر میں پہلے دورے کا خیر مقدم کیا، انہوں نے کہا کہ یارکشائر سے مسلم لیگ ن کے کارکن پارٹی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ تقریب میں میرپور آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیت اور سابق ایم ایل اے چوہدری سعید سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بیرسٹر عمران حسین ایم پی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پاکستان اور آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتے ہیں اور بریڈفورڈ میں خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے تمام جماعتوں سے اپیل کی کہ مسئلہ کشمیر کیلئےاپنی بھرپور آواز بلند کریں ۔ 

یورپ سے سے مزید