کراچی(ا سٹاف رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز شیڈول میں تبدیلی امکان ہے، اس کے مطابق پہلا ٹیسٹ کراچی کے بجائے راولپنڈی میں ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے شیڈول پردس دن سے بات چیت جاری ہے۔ جمعے کو کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلوی پلیئرز ایسوسی ایشن کے درمیان میٹنگ میں سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی۔ 23مارچ کی پریڈ کی وجہ سے اسلام آباد کی سڑکوں پر صورتحال نارمل نہیں ہوگی اس لئے پی سی بی کی کوشش ہے کہ آسٹریلوی ٹیم پنڈی سے سیریز شروع کرے اور دوسرا ٹیسٹ کراچی اور تیسرا ٹیسٹ لاہور میں کھیلا جائے گا۔ وائٹ بال کے چاروں میچ (تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل ) پنڈی کرانے کی تجویز ہے۔ آسٹریلوی ٹیم اسلام آباد سےوطن واپس روانہ ہوگی۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو قرنطینہ کے لئے بھی دو تجاویز دی گئی ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم سے کہا گیا ہے کہ وہ تین دن قرنطینہ میں رہ کر چارٹرڈ فلائٹ پر پاکستان آئیں۔ دوسری صورت میں پاکستان آکر تین دن روم آئسولیشن گذاریں۔ خیال رہے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 3 مارچ سے کراچی میں شروع ہونا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے شیڈول میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ سات فروری تک میچ کراچی میں ہوں گے اس کے بعد دس فروری سے ٹورنامنٹ لاہورمیں شروع ہوگا۔