• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیر یکجہتی فورم اور کشمیر کونسل جاپان کے زیر اہتمام زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرے میں بھارت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی جبکہ مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کے خلاف بینر بھی اٹھا رکھے تھے، اس موقع پر مقررین نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے خصوصی تقاریر بھی کیں۔

اس موقع پر کشمیر یکجہتی فورم کے صدر شاہد مجید ایڈوکیٹ نے کہا کہ نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ جاپان جیسی عالمی طاقت کو بھی بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر صدائے احتجاج بلند کرنا چاہیے اور بھارت کے ساتھ معاشی تعلقات کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خاتمے سے منسلک کردینا چاہیے۔

کشمیر کونسل جاپان کے صدر مرزا خلیل بیگ نے کہا کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق استصواب رائے کی آزادی نہیں دیتا اس وقت تک دنیا کو بھارت کا سیاسی و معاشی بائیکاٹ کردینا چاہیے۔

 معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک یونس نے کہا کہ پوری دنیا بھارت کا مکروہ چہرہ پہچان چکی ہے جو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی اپنی پامالیوں کو چھپانے کے لیے اب پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے لیکن یہ اب زیادہ دیر نہیں چلے گا جلد کشمیری عوام کو آزادی نصیب ہوگی۔

مذہبی و سماجی شخصیت عبدالرحمان صدیقی نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل بُوتے پر زیادہ دیر تک کشمیری عوام کو غلام بنا کر نہیں رکھ سکے گا۔

معروف سیاسی و سماجی شخصیت شیخ ذوالفقار نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور کوئی طاقت کشمیری عوام کو پاکستان سے ملنے سے نہیں روک سکتی اور یہ حق اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کو دیا ہے۔

شیخ ندیم نے کہا کہ جاپان میں مقیم مسلمان کمیونٹی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے، مظاہرین نے تقاریر اور پر امن مظاہرے کے بعد ایک احتجاجی یادداشت بھارتی سفارتخانے میں جمع کرائی۔

اس موقع پر مقامی پولیس نے سفارتخانے کی سیکیورٹی میں سخت اضافہ کیا ہوا تھا جبکہ جاپانی شہریوں نے بھی مظاہرے میں گہری دلچسپی لی اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی مظالم پر افسوس کا اظہار کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید