• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم سے چینی کمپنیز کے سربراہان کی ملاقات، صدر شی کے ظہرانے میں شرکت، امریکا چین تنازع حل کرانے کو تیار ہیں، وزیر اطلاعات

اسلام آباد(اے پی پی، جنگ نیوز) وزیراعظم عمران خان سے چینی کمپنیز کے سربران نے ملاقات کی ہے ، وزیراعظم عمرا ن خان نے چینی صدر شی جن پنگ اور خاتون اول کی جانب سے غیر ملکی اکابرین کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہےکہ پاکستان امریکا اور چین کے درمیان تنازع حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے چین میں سرمایہ کاروں کی ملاقاتیں ہوئیں جس میں کراچی اور فیصل آباد میں پانی کے منصوبوں سے متعلق گفتگو ہوئی، کراچی میں کےفور منصوبہ، حب کینال جب کہ فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے بات ہوئی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی چین کے وزیراعظم لی اور ازبکستان کے صدر شووکت مرزایوف سے ملاقاتوں کے دوران کشمیر اور افغانستان اہم موضوعات رہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ دونوں ملاقاتوں میں کشمیر اور افغانستان گفتگو کے اہم موضوعات رہے، چین پاکستان کےسیاسی، اقتصادی اور سٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت سے ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تھنک ٹینکس سے بھی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے زور دیا کہ دنیا ایک اور سرد جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، امریکا چین تنازع حل کرنے میں پاکستان کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چین کے سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی ٹیم پہلی مرتبہ شریک ہوئی جس کا چین کے عوام کی جانب سے والہانہ خیرمقدم کیا گیا، پاک چین دوستی دونوں ملکوں کے عوام کی ایک دوسرے کے لیے محبت کےاظہار پر ہے۔قبل ازیں ہفتہ کو چین کے صدر شی جن پنگ اورخاتون اول پینگ لی یو آن کی طرف سے ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے چین کے دورے پر آئے ہوئے غیر ملکی اکابرین کے اعزاز میں گریٹ ہال آف دی پیپل میں ضیافت کااہتمام کیا گیا جس میں وزیراعظم عمران خان نے بھی شرکت کی۔

ملک بھر سے سے مزید